اسلام آباد (ویب ڈیسک) کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کو 6 نومبر تک سیل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی میں 5 کرونا کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد انتظامیہ نے یونیورسٹی کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلےمیں
کہا گیا ہے کہ طلباء آن لائن کلاسز لے سکیں گے۔یونیورسٹی 6 نومبر تک بند رہے گی۔ قائداعظم یونیورسٹی کا کیفیٹیریا بھی بند کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ یونیورسٹی ہاسٹل بھی سیل کردیے گئے ہیں، طلباء کو کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد ہاسٹل خالی کردیں۔انتظامیہ نے کہا ہے
کہ جو طلباء دوردراز سے آئے ہیں وہ اپنے متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان سے اجازت لے کر ہاسٹل میں رہ سکتے ہیں لیکن ہاسٹل میں ایس او پیز کا خیال رکھنا ضروری ہوگا۔طلباء کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں ۔ واضح رہے کہ قائداعظم یونیورسٹی کو فی الحال 6 نومبر تک بند کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ضعیم ضیا نے قائداعظم یونیورسٹی کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا تھا۔ یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایک گرلز کالج کو بھی سیل کردیا گیا ہے، کرونا کیسز کے باعث ایبٹ آباد یونیورسٹی کو بھی 3 دن کے لیے بند کردیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کرونا کیسز بڑھنے کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا عندیہ دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اگر تعلیمی اداروں میں کرونا کیسز بڑھے تو طلباء کی زندگیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں کو بند رکھا جائے گا۔