لندن (ویب ڈیسک) لندن میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، پی ٹی آئی رہنماؤں نے حسن نواز کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، ن لیگی کارکنان بھی وہاں پہنچ گئے، دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف لندن کے کارکنان نے حسن نواز کے دفتر کے سامنے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کا اہتمام پشتون پی ٹی آئی لندن کے ذاکرسید ودیگرنے کیا۔ مظاہرین نے گلی گلی میں شور ہے نوازشریف چور ہے کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر امن وامان کی صورتحال قائم رکھنے کیلئے موجود تھیں۔
پی ٹی آئی کارکنان کی نواز شریف کے خلاف زبردست نعرے بازی پر مسلم لیگی کارکن بھی جوابی مظاہرہ کرنے کیلئے وہاں پہنچ گئے۔ پھر دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ واضح رہے نوازشریف نے لندن سے ویڈیو لنک سے پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ میں تین پیغامات دینا چاہتا ہوں، پہلا پیغام فوجی جوانوں اور افسران کے نام ہے۔ یہ آپ کا ملک ہے جس کیلئے آپ جان دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے ، آپ نے جہاں حفاظت کا حلف اٹھایا ہے وہاں اتنا ہی اہم آئین کی تابع داری ہے۔ جہاں آئین شکنی شروع ہوجائے وہاں ظلم کا دور شروع ہوجاتا ہے، جب کسی فرد واحد کیلئے آئین توڑتے ہیں وہاں آپ خود اپنی قوم ملک کو آئین شکنوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیتے ہیں، آئین کی حفاظت کی کیجیئے۔ دوسرا پیغام سول سروس کے نام ہے، زمانہ بدل رہا ہے۔ کسی کیلئے قانون اور آئین توڑ کر بچ نکلنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے، آپ نے دیکھا سندھ پولیس افسران نے چند لوگوں کے غیر قانونی رویوں پر احتجاج کر کے نہ صرف انکے عزائم اور پورے نہیں ہونے دیئے بلکہ اپنے لئے عزت بھی کمائی ، سندھ کے پولیس افسر صاحبان کو سیلوٹ کرتا ہوں ، آپ کو بلا خوف اپنی ذمہ داریاں قانون کے مطابق ادا کر نی چاہئیں۔
انہوں نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی فوج آپ کی اپنی ہے ان کو عزت دیجئے ، انہیں محبت دیجئے لیکن معاملہ جب آئین کی بالادستی ہو ، جب معاملہ قانون کی حکمرانی کا آجائے تو وہاں کوئی سمجھوتہ نہ کیجئے ۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج آپ کا آئینی حق ہے جس سے آپ کو کوئی محروم نہیں کرسکتا ، آزادی اظہار آپ کا آئینی حق ہے جو آپ سے کوئی نہیں چھین سکتا ، ووٹ اور حکومت سازی آپ کا بنیادی حق ہے جو اس حق کو چھینے وہ آپ کا حال اور مستقبل چھینے کا مرتکب ہوتا ہے وہ آمر ہے وہ غاصب ہے اور آئین شکن ہے آپ اپنے حق کو استعمال کیجئے کسی مفاد پرست ٹولے یا مٹھی بھر لوگوں کو اپنی آنے والی نسلوں کی تقدیر کے ساتھ کھلواڑ کر نے کی اجازت مت دیجئے اگر آج آپ نے اپنے حقوق کو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کر لی تو انشاء اللہ آپ اپنے حالات سنوار لینگے۔ نوازشریف نے کہا کہ عمران خان کی بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کو انجام تک پہچانے کا وقت آگیا ہے ، ہم ان تمام لوگوں سے جواب طلب کریں جنہوں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کر کے آپ کو ان حالات سے دو چار کیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر کے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ اسرائیل ، بھارت اور پی ڈی ایم ایک تکون کے تین رخ ہیں، پی ڈی ایم کا بیانیہ دشمن کی تائید کرتا ہے، نوازشریف مفرور شخص نے آج پھر فوج پر حملہ کیا۔ نوازشریف اور دیگر کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔