اسلام آباد (نیوز ڈیسک) 10 سال بعد پہلی مرتبہ کسی خلیجی ملک نے میڈیکل کے شعبہ میں پاکستانیوں کو بھرتی کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو معاون خصوصی زلفی بخاری نے کویت کے سفیر عبدالرحمن کے ہمراہ کویت روانہ ہونے والے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برسوں بعد پہلی مرتبہ شعبہ صحت کیلئے ہنرمند پاکستانیوں کو کسی خلیجی ملک بھیجا جا رہا ہے۔ کل جمعرات کو کویت روانہ ہونے والی پہلی کھیپ میں 226 ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور نرسز شامل ہوں گی۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید دو سو پاکستانی ہنرمند کویت جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کویت ایک ہزار سے زائد پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز کو روزگار فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔ کویت کو افرادی قوت کی برآمد کی بحالی پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ 10 سالوں میں کوئی بھی ہنر مند فرد خلیجی ممالک نہیں بھیجا گیا۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور نرسز سے تلقین کی کہ آپ اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح سے سرانجام دے کر ملک کے سفیروں کی حیثیت سے کام کریں۔ آپ کویت میں ملازمت کے خواہشمند دوسرے پاکستانیوں کے لیے راہ ہموار کریں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز کا مزید کہنا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے ممبر ممالک کو ہنرمند افرادی قوت برآمد کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ میڈیکل کے شعبہ میں ہنرمند پاکستانیوں کو بھجوانے پر کویت کے سفیر عبد الرحمن کا کہنا ہے کرونا وائرس کے مشکل وقت میں کویت کو ہیلتھ کیئر پروفیشنلز فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ کویت میں قیام کے دوران تمام پاکستانی ہنر مند افراد کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گے۔ یہاں واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران کویت نے غیر ملکی ملازمین کی بھرتیوں کے معاملے پر کافی سختی کی ہے۔ خاص کر کویت کے سرکاری شعبہ سے غیر ملکی ملازمین کی مکمل چھٹی کی جا رہی ہے۔ تاہم ایسے حالات میں بھی حکومت پاکستان ہنر مند پاکستانیوں کو کویت میں روزگار دلوانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔