Monday November 25, 2024

ٹیمریچر چیک کرنے کی کوشش پر اسکول کے گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنانے کا معاملہ

لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب کے شہر بورے والا میں نجی سکول کے گارڈ کے خلاف ٹمپریچر چیک کرنے پر مقدمہ بنانے والے اسسٹنٹ کمشنر کو برطرف کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بورے والا کے ایک نجی سکول میں داخل ہوتے وقت اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگزیب سے شناخت مانگنے اور ٹمپریچر چیک کرنے پر سکول کے سیکیورٹی گارڈ کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ گارڈ نے بدتمیزی کی اور کارسرکار میں مداخلت کی۔ بورے والا کے نج سکول میں پیش آنے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردعمل کے باعث پنجاب حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

اس واقعے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ”AC کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انصاف ہو گا۔ اب پولیس سے بھی ایسا ہی رسپانس چاہتے ہیں جعلی ایف آئ آر دینے پر۔ اللُہ کا شکر ہے یہ عمران خان کی حکومت ہے اس میں خان کسی غریب کے ساتھ ظلم نہیں ہونے دے گا۔ جو فرعون بننے کی کوشش کرے گا اس کا احتساب ہو گا۔ شکریہ چیف سیکرٹری پنجاب بروقت ایکشن پر”۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی کہا تھا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، سکول گارڈ کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بورے والا کے سکول میں اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگزیب کے سکول دورے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سکول کے دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ ان کے مسلح گارڈز بھی تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے سکول کے گارڈ کو اپنا تعارف کرائے بغیر سکول میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سکول کے گارڈ نے انہیں روکا جس پر اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈز نے سیکیورٹی گارڈ کو دھکے دیئے اور اسلحے سمیت سکول میں داخل ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا تھا کہ سکول سے واپس جاتے ہوئےاسسٹنٹ کمشنر کے گارڈز نے سکول کے گارڈ کو دھکے دیے اور اسے زدوکوب کیا۔ اس واقعے پر سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

FOLLOW US