کراچی (نیوز ڈیسک) پولیس نے نہال ہاشمی کے بیٹے کو تحویل میں لے لیا، رہنما ن لیگ نہال ہاشمی کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر کے ان کی وردیاں پھاڑ دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کے اہل خانہ اور پولیس اہلکاروں کے درمیان کراچی کے علاقے ملیر میں جھگڑا ہوا ہے۔ اس جھگڑے کے دوران نہال ہاشمی کے بیٹے اور دیگر اہل خانہ نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں۔ واقعے کے بعد پولیس نہال ہاشمی کے بیٹے کو اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے گئی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملیر میں نہال ہاشمی کا کسی دوسرے خاندان سے جھگڑا ہو رہا تھا، اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر جھگڑا ختم کروانے کی کوشش کی تو نہال ہاشمی کے اہل خانہ نے پولیس اہلکاروں کو ہی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان کی وردیاں بھی پھاڑ دی گئیں۔ اس واقعے کے بعد پولیس نہال ہاشمی کے بیٹے کو اپنی تحویل میں لے کر پولیس اسٹیشن لے گئی۔ واقعے کے حوالے سے نہال ہاشمی کے بیٹے کا موقف ہے کہ پولیس اہلکاروں نے اس کا موبائل چھیننے کی کوشش کی جس کے بعد جھگڑا ہوا۔ واقعے کی رپورٹ ملنے کے بعد کراچی پولیس چیف نے تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔