Thursday November 28, 2024

وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کو عالمی ادارہ صحت میں اعلیٰ ترین عہدہ مل گیا

لاہور (ویب ڈیسک) ظفر مرزا کو عالمی ادارہ صحت میں اعلیٰ ترین عہدہ مل گیا، وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی برائے صحت عمران خان کی درخواست پر پاکستان آئے تھے، 2 ماہ قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر عالمی ادارہ صحت کو خیرباد کہہ کر پاکستان آنے والے ظفر مرزا کو دوبارہ ڈبلیو ایچ او میں اعلیٰ عہدہ مل گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کو ایڈوائزر برائے یونیورسل ہیلتھ کوریج تعینات کیا گیا ہے۔

ظفر مرزا کی جانب سے 2 ماہ قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کے عہدے سے استعفیٰ دیا گیا تھا، جس کے بعد اب انہیں ایک نئی ذمے داری مل گئی ہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا 29 جولائی 2020 کو مستعفی ہو گئے تھے۔ مستعفی ہوتے وقت انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر پاکستان آیا تھا۔ پوری دیانتداری اور ایمانداری سے کام کیا۔ بعد ازاں یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ ظفر مرزا نے خود استعفیٰ نہیں دیا بلکہ ان سے استعفیٰ لیا گیا۔ تاہم حکومت کی جانب سے اس خبر کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ جبکہ ظفر مرزا کے مستعفی ہونے کے بعد شوکت خانم ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر فیصل کو وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت کا عہدہ سونپ دیا گیا تھا۔

FOLLOW US