Thursday November 28, 2024

2 سال سے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے،وزیراعظم سمیت سب کو شرم دلائینگے

کراچی(ویب ڈیسک) 2 سال سے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے، وزیراعظم سمیت سب کو شرم دلائیں گے، تحریک انصاف کے رکن اسمبلی فردوس شمیم نقوی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر اپنی ہی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر وزیراعظم سمیت سب کو شرم دلائیں گے، ہمیں 2 سال سے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر رکھا ہے۔

جمعہ کے روز سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی بجلی اورسوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ پر کے الیکٹرک اور ایم ڈی سوئی سدرن گیس کے دفترجاپہنچے اورکراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اورسوئی گیس کی بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے معاملہ وفاقی وزیرتوانائی کے سامنے اٹھانے کا اعلان کیا۔ فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد نے ایم ڈی سوئی سدرن سے ملاقات کی۔ اس موقع پران کا کہنا تھا کہ کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ،پریشر میں کمی اور اووربلنگ کی شکایات ہیں،اس معاملے پر وفاقی وزیر سے بھی رابطے میں ہیں،کے الیکٹرک حکام پرانہوں نے واضح کیا کہ جو ادارہ لوڈ شیڈنگ ختم نہ کرسکتا ہو اسے کراچی سے نکال دینا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سال میں اب تک کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے،آئندہ ہفتے وفاقی وزیر عمر ایوب کے سامنے احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا وفاق میں کس کی حکومت ہے،عوامی مسئلہ پراحتجاج کریں گے اورمسئلہ کے حل تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کراچی کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ ہر ماہ کے الیکٹرک آئیں گے اور آپ کو پروگریس دیں گے۔

FOLLOW US