قصور (ویب ڈیسک) چونیاں میں 4 بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم کو 6 بار سزائے موت کا حکم، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم سہیل کو دو مقدمات میں مجموعی طور پر 6 بار سزائے موت، دو بار عمر قید اور 64 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق چونیاں میں کچھ عرصہ قبل سامنے آنے والے 4 بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔ عدالت نے مجرم سہیل کو عبرت ناک سزا سنائی ہے۔ پیر کے روز ہوئی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج محمد اقبال نے ملزم سہیل کے خلاف مختلف مقدمات کا فیصلہ سنایا۔
مجرم کو 6 بار سزائے موت دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مجرم کیلئے دو بار عمر قید اور 64 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مجرم سہیل کو اس سے قبل بھی عدالت کی جانب سے 3 مرتبہ سزائے موت دینے کا حکم دیا جا چکا۔ زیادتی کے بعد بچوں کو قتل کرنے والے مجرم سہیل شہزادہ کو یکم اکتوبر 2019 میں گرفتاری کیا تھا۔ بعد ازاں 28 سالہ مجرم سہیل شہزادہ کا کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھیج دیا گیا تھا۔ مجرم کا ٹرائل جیل میں ہی کیا گیا، اور اب اسے سزائے موت، عمر قید اور لاکھوں روپے جرمانے کی مجموعی سزا سنائی گئی ہے۔