کابل (ویب ڈیسک) افغانستان میں بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ پر والدہ کا نام لکھنے کی منظوری دے دی گئی، پیدائشی سرٹیفکیٹ پر والد کے ساتھ اب والدہ کا نام بھی درج کیا جائے گا، اس سے قبل قبائلی رسومات کے پیش نظر بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹس پر صرف والد کا نام لکھا جاتا تھا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق افغان حکومت نے بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ پر والدہ کا نام لکھنے یا شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے بعد اب برتھ سرٹیفکیٹس پر والدین کا نام درج کیا جائے گا۔
جس میں والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی لکھا جائے گا۔ بتایا گیا ہے
کہ اس سے قبل افغانستان میں قبائلی رسومات اور ثقافت کے پیش نظر افغان عمائدین خواتین کے نام لکھنے کو معیوب سمجھتے تھے۔ جس پر بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹس پر صرف والد کا نام ہی لکھا جاتا تھا۔ اسی طرح افغانستان میں شادیوں کے دعوت ناموں اور قبروں کے کتبوں پر بھی خواتین کے نام لکھنے کو معیوب سمجھا جاتا تھا۔ جبکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی شناخت کو پوشیدہ رکھنے کے خلاف گزشتہ کئی سالوں سے افغانستان میں سماجی تنظیمیں اور ادارے آواز اٹھارہے تھے۔ افغانستان میں ’’میرا نام کہاں ہے؟‘‘ کے نام سے تحریک بھی چلائی جارہی تھی۔