لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اکتوبرسے شروع ہوگی۔ زمبابوے تین ٹی ٹونٹی اوراتنے ہی ون ڈے کھیلنے آئے گا۔ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل بنگلہ دیش سے ملتوی شدہ ٹیسٹ اورون ڈے کھیلاجائے گا۔ اگلے سال جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز اور سری لنکا یا ویسٹ انڈیز مختصر طرز کے میچزکھیلنے آئیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا پروگرام تیار کر لیا ہے۔ اکتوبرکے تیسرے ہفتے میں زمبابوے کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی کھیلنے پاکستان آرہی ہے۔ بائیو سیکیورٹی اور قرنطینہ کی مدت طے ہونے کے بعد میچز کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔
نومبر میں زمبابوے سے سیریز کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیوکے بقیہ میچزکھیلے جائیں گے۔ دسمبر میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ دورے سے قبل پاکستان اپریل میں بنگلہ دیش سے ملتوی آئی سی سی چیمپئن شپ کا ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے کا ملک میں انعقادکرانا چاہتا ہے۔جس کی تاریخیں بی سی بی کوبھیج دی گئی ہیں۔کیویز دیس سے واپسی پر جنوبی افریقہ سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ہوم سیریز شیڈول ہے۔ پی سی بی پروٹیز بورڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھی مذاکرات کر رہا ہے۔ فروری مارچ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل سکس کے انعقادسے قبل سری لنکا یا ویسٹ انڈیز میں سے ایک ٹیم مختصرطرز کی سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔ سیریز کا انعقاد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہوگا۔