لاہور(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان واپس نہ آئے تو ان کی پارٹی مسلم لیگ ن بکھر جائے گی ۔ لاہور میں پاکستان ریلوے کی طرف سے محکمے کی ہفتہ وار بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس آجاتا ہے تو اسکی سیاست بہتر ہوسکتی ہے ورنہ ن لیگ متحد نہیں رہے گی کیونکہ ن لیگ تو مریم نواز کے ساتھ ہے لیکن ش لیگ نہیں ہے ، آپ دیکھ لیں کہ ش لیگ مریم کے ساتھ عدالت میں بھی نہیں گئی ، مریم نواز کو جب یقین ہوا کہ باہر نہیں جاسکتیں تو پتھراؤ کروا دیا گیا
جبکہ نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بھی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں ہے ، اپوزیشن نے فضل الرحمان کے پیچھے لگ کر اپنی سیاسی عاقبت خراب کی ہے ۔اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وایراعظم عمران خان کا دورہ کراچی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، جہاں سندھ حکومت سے بھی بات چیت ہوگی جبکہ وزیراعظم کراچی کیلئے ایک بڑے پیکج کا اعلان بھی کریں گے تو میرے خیال میں آج کا دن پاکستانی سیاست میں تبدیلی لاسکتا ہے ، عمران خان کے لیے آنے والے دنوں میں بھی کوئی خطرہ نہیں ہے وہ 5 سال پورے کریں گے جبکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دیں گے ، اپنی تحریک میں اپوزیشن جماعتیں صرف جلسہ جلوس ہی کرسکتی ہیں لیکن دھرنا نہیں دے سکتیں ۔اپنے محکمے کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ، رواں سال کی ایک اچھی خبر تو ایم ایل ون منصوبہ ہے جبکہ دوسری خوشخبری کراچی سرکلر ریلوے ہے ، کے سی آر ٹریک کو ڈبل کیاجائے گا ۔