اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر9.47 فیصد تک پہنچ گئی ، پچھلے ہفتے مہنگائی میں 0.80 فیصد اضافہ ہوا،آٹا ، دودھ، گوشت،سبزیوں، دالوں سمیت 20 اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ 25 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پچھلے یعنی اگست کے آخری ہفتے میںآ ٹا ، دودھ، گوشت، سبزیوں، دالوں سمیت 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ جس کے باعث پچھلے ہفتے مہنگائی میں 0.80 فیصد اضافے کے ساتھ مہنگائی کی شرح 9.47 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
جبکہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ٹماٹر ، پیاز ، دال چنا ، دال مونگ ، گڑ ، آلو ، تازہ دودھ ، دہی، لہسن، مرغی ، انڈے اور ایل پی جی سمیت 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔پچھلے ہفتے میں مٹن ، بیف ، خشک دودھ ، ملبوسات، چائے، پیٹرول ، ڈیزل ، مٹی کا تیل ، بجلی اور گیس کے نرخوں میں استحکام رہا،جبکہ چینی 87 پیسے فی کلو مزید سستی ہوئی اور دال مسور ، دال ماش، گندم ، آٹا اور چاول کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مقامی کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ریکوری کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں انٹر بینک میں امریکی ڈالر 15پیسے کی کمی سی165.85روپے اور اوپن مارکیٹ میں40پیسے کی کمی سی166.3روپے کی سطح پر آگیا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 165.80روپے سے گھٹ کر165.65روپے اور قیمت فروخت166روپے سے گھٹ کر165.85روپے کی سطح پر آ گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں40پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید166.20 روپے سے گھٹ کر165.80روپے اور قیمت فروخت166.70روپے سے گھٹ کر166.30روپے ہو گئی۔