ٹوکیو۔ (ویب ڈیسک) جاپان کی ایک کمپنی سکائی ڈرائیو نے پہلی مرتبہ محدود وقت کے لیے ایک ایسی کار اڑانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس پر ایک شخص بھی سوار تھا۔سکائی ڈرائیو اڑنے والی کار بنانے کے منصوبے پر کام کرنے والی پہلی کمپنی نہیں ہے۔ بلکہ دنیا بھر میں لگ بھگ ایک سو کمپنیاں اس سے ملتے جلتے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ تاہم پہلے قابل عمل کامیاب تجربے کا اعزاز سکائی ڈرائیو کو ہی حاصل ہوا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے
کہ موٹر سائیکل طرز کی ایک چھوٹی سی گاڑی زمین سے چند فٹ اوپر فضا میں بلند ہوتی ہے اور ایک محدود جگہ پر چار منٹ تک مسلسل پرواز کرتی ہے کار میں ایک شخص بھی سوار ہے۔سکائی ڈرائیو کمپنی کے سربراہ توموہیرو فوکوزاوا نے اپنی اڑنے والی کار کی کامیاب اڑان کے بعد کہا ہے کہ یہ گاڑی 2023 تک حقیقت کا روپ دھار لے گی اور اسے عام لوگ اڑانا شروع کر دیں گے،تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت سب سے مشکل مرحلہ اس کی پرواز اور سوار کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔