اسلام آباد (ویب ڈیسک) نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کے رن وے پر دراڑیں پڑ گئیں، سیکنڈری رن وے کو نقصان پہنچا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے طیاروں کو اترنے اور اڑان بھرنے سے روک دیا ۔ تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے ملک کے سب سے بڑے اور جدید ترین ائیرپورٹ کا رن وے بھی شدید نقصان کا شکار ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کا سیکنڈری رن وے بھی استعمال کے قابل نہ رہا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیاروں کو اترنے اور اڑان بھرنے سے روک دیا ہے۔ سیکنڈری رن وے پر پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کو فوری روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایئرپورٹ منیجر کے مطابق رن وے پر دراڑیں پڑنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔
اس سے قبل بھی کئی بار ایسا ہو چکا۔ حالیہ دراڑوں کی مرمت شروع کردی ہے۔ ائیرپورٹ کے سیکنڈری رن وے پر دراڑ پڑنے کے واقعے کے بعد وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایئرپورٹ کا دورہ کرکے نقصان کا جائزہ لیا ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ایئر پورٹ منیجر سے رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کے رن وے کو نقصان پہنچنے کا معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ روز قبل ہی شدید بارش کی وجہ سے ائیرپورٹ عمارت کو نقصان پہنچنے کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں۔ شدید بارش کی وجہ سے ائیرپورٹ کے حال ہی چھت ٹوٹ ٹوٹ کر زمین پر گرتی رہی۔ سوال کیا جا رہا ہے کہ نیا اسلام آباد ائیرپورٹ جس کی تعمیر پر 105 ارب روپے کی لاگت آئی، اس کی خستہ حالی کا ذمے دار کون ہے۔ ائیرپورٹ کی اس حالت کے ذمے داران کیخلاف کیا کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ عوام کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر حکومت یہ جواب دیتی ہے کہ ائیرپورٹ کی خستہ حالی کی ذمے دار مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت ہے جس کے دوران اس ائیرپورٹ کی لاگت میں اضافہ کر کے تکمیل کی گئی۔ جبکہ مسلم لیگ ن کا موقف ہے کہ موجود حکومت کے دور میں ائیرپورٹ کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔