لاہور(ویب ڈیسک) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مارک کولز نے کہاکہ پاکستان میں 2 سال قیام نے زندگی بدل دی، مجھے سبز کوٹ میں دفنایا جائے۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولز ستمبر 2017 سے اکتوبر 2019تک ذمہ داری پر فائز رہے، یہ عرصہ ان کی زندگی کے لیے ناقابلِ فراموش ثابت ہوا،وہ ان دنوں آسٹریلیا کے شہر سن شائن کوسٹ میں رہائش پزیر اور ایک کلب ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں۔ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کولز نے کہا کہ میں لفظوں میں بتا نہیں سکتا کہ دورہ پاکستان سے کتنا متاثر ہوا،
پاکستان کا ترانہ، پرچم، اس پر چاند اور ستارہ، میرے لیے بہت ہی یادگار اور اہم ہے۔مجھے پاکستان اور اپنی ٹیم پر بہت فخر تھا، میں چاہوں گا کہ مجھے پاکستان کے سبز کوٹ میں ہی دفنایا جائے، اس 2سال کے عرصے نے میری زندگی بدل دی ہے۔میں نے ایک ایسے ملک کیلیے کام کیا جس کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا تھا لیکن اس نے میرے دل میں جگہ بنالی، مجھے ایک بار پھر سے جینے کا ذریعہ ملا۔