Sunday December 28, 2025

پاکستانیو: کورونا ابھی ختم نہیں ہوا اس لیے ۔۔۔۔وزیراعظم عمران خان کا شہریوں کے نام بڑا پیغام

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کوروناابھی ختم نہیں ہوا، محرم میں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، باہر جاتے وقت فیس ماسک پہننا خود پرلازم کر لیں۔ اسلام آباد تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کوروناوائرس کاعذاب پوری دنیا پر آیا ہوا ہے۔ پاکستان نےکوروناکی روک تھام کیلئے اسمارٹ لاک ڈائون کیا۔اس پالیسی کو دنیا بھرمیں سراہا جارہا ہے۔ لوگوں نےکوروناکے خلاف جہادکرکے ملک کو موذی وائرس سےمحفوظ بنانےمیں کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں کمی آنے کے باوجود احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ضروری ہے،

عوام سےاپیل ہےماسک ضرور پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں احتیاط کی زیادہ ضرورت ہے، حالات پہلے جیسے نہیں اس مرتبہ وباء کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے محرم الحرام منایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ایران میں بھی علماء اعلان کر رہے ہیں کہ ویسا محرم نہیں منانا جیسا پہلے مناتے تھے۔ دوسری جانب سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں میں نمایاں کمی کے بعد سندھ حکومت نے خوشخبری کا اعلان کر دیا ہے اور صوبے میں 5 ماہ بعد آج سے لاک ڈاؤن کی پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم محکمہ داخلہ کی جانب سے حکم نامہ اور ایس اوپیز سے متعلق ہدایت جاری نہیں کی گئی۔ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق سندھ میں 10 اگست سے کاروباری، تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد کاروباری، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی، سندھ حکومت نے 14 مارچ کو کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں عائد کی تھیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ آج سے تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں کی جاسکیں گی۔ کاروباری اوقات کار بھی بڑھائے جائیں گے۔ ہوٹلز، ریسٹورینٹس رات 10 بجے تک کھلے رکھے جاسکیں گے۔

ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ کورٹس ٹیبل سروس بھی کرسکیں گے۔ترجمان کے مطابق کاروباری پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ایس اوپیز کا نفاذ ہوگا جبکہ شادی ہالز و تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ آئندہ ماہ ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے بعد نئے حکم نامے کا اطلاق ہوگا۔دوسری جانب محکمہ داخلہ نے پابندیاں نرم کیے جانے اور سرگرمیاں بحال کرنے کے حوالے سے تاحال نوٹیفکیشن اور نہ ہی ایس او پیز کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔