Thursday November 28, 2024

مسئلہ کشمیر کےحوالے سے پاکستان کے سخت موقف اپنانے کے بعد امریکی وزیر خارجہ کا پاکستانی قیادت سے رابطہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں مقبوضہ کشمیر ، ایل اوسی کی صورتحال اور افغان امن عمل پر بات چیت کی گئی۔امریکی وزیرخارجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔ شاہ محمود قریشی سے علاقائی تعاون اور افغان امن سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی، شاہ محمود قریشی نے افغان امن میں پاکستان کے بھرپورکردار کی یقین دہانی کروائی۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، وزیرخارجہ پاکستان نے بھارت کے کشمیر پرمحاصرے سے متعلق موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے ایل اوسی پر بھارتی دراندازی سے آگاہ کیا۔ مزید برآں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لبنان کے وزیر خارجہ شربیل واہبہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں بیروت میں ہونے والے حالیہ دھماکوں اور اس المناک سانحہ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 4اگست کو بیروت میں ہونیوالے ہولناک دھماکوں اور ان کے نتیجے میں شدید جانی اور مالی نقصان ہر دل گرفتہ ہیں ۔وزیر خارجہ نے اس المناک سانحہ پر حکومت پاکستان اور پاکستانی قوم کی طرف سے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت کی ۔ وزیراعظم عمران خان اور صدر پاکستان عارف علوی نے بھی اس سانحے پر لبنانی قیادت کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کی ۔

وزیر خارجہ نے اس المناک سانحہ میں جاں بحق ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت کی اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔وزیر خارجہ نے بیروت دھماکوں میں زخمی ہونیوالوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے، پاکستان کی جانب سے، اس مشکل گھڑی میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس سانحے کے نتیجے میں ہونیوالے والے شدید معاشی نقصان پر بھی بہت دکھ اور افسوس ہے ،پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔وزیر خارجہ نے اپنے لبنانی ہم منصب کو بتایا کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان کی طرف سے ادویات اور خوراک کا عطیہ روانہ کر دیا گیا ہے جو لبنان پہنچے گا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس المناک سانحے میں لبنان کی حکومت اور عوام کا عزم و حوصلہ قابلِ تحسین ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے حالات معمول پر آنے کے بعد جلد ملاقات پر اتفاق کیا ۔

FOLLOW US