Thursday November 28, 2024

حکومت نے عید سے قبل ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا، اوگرا نے یکم اگست سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 18 روپے 48 پیسے اضافہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم اگست سے ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 18 روپے 48 پیسے مہنگا کردیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1363 روپے 55 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اوگرا نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں سمری ارسال کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 9 روپے فی لیٹر تک اضافے کیا جارہا ہے۔
پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پر کام جاری ہے۔ سمری آج شام کو وزارت خزانہ کو ارسال کر دی جائے گی۔ گزشتہ روز اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز بعد تبدیل کرنے کی تجاویز آئی ہیں لہذا ہر 15روز بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دی جارہی ہے۔ اجلاس میں آئندہ ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی غورکیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اگست کی بجائے 15 اگست سے رد و بدل کیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کا اطلاق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہوگا۔

FOLLOW US