دبئی (نیوز ڈیسک) انگلینڈ نے کالی آندھی کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 ہرا کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی تیسری پوزیش کو مزید مضبوط بنا لیا۔ انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو دوسرے میچ میں شکست دیکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپن شپ میں ایک درجہ ترقی حاصل کی تھی اور وہ چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی تھی جبکہ کیویز ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلی گئی تھی۔ بھارت کی کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ کے مطابق پہلے نمبر پر بدستور قائم ہے، آسٹریلوی ٹیم دوسرے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست دیکر اپنی تیسری پوزیشن کو مزید مضبوط کرلیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی ٹیم رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ کے مطابق بھارت اور آسٹریلوی ٹیمیں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر بدستور قائم ہیں۔ بھارتی ٹیم سات ٹیسٹ میچز میں کامیابی کی بدولت 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ بھارت نے گزشتہ سال اگست اور ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا۔ اکتوبر میں جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں شکست دیکر مسلسل سات فتوحات حاصل کی تھیں تاہم رواں سال مارچ کے مہینے میں اس کو کیویز کے ہاتھوں دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یوں بھارتی ٹیم کی مسلسل فتوحات کے تسلسل کو بھی کیوی ٹیم نے توڑ دیا تھا تاہم اس کے باوجود بھی بھارت کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 360 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
آسٹریلوی ٹیم اب تک 10 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے 7 میچز جیتے، دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا، یوں آسٹریلوی ٹیم ٹیبل پر 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے اب تک بارہ میچز کھیلے ہیں جن میں 7 جیتے، 4 ہارے اور ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ انگلش ٹیم 226 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کیویز ٹیم اب تک 7 میچز کھیل چکی ہے جس میں اسکو تین میچوں میں فتح حاصل ہوئی جبکہ اس کو چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کیوی ٹیم 180 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی ٹیم 140 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر برقرار ہے۔ سری لنکن ٹیم 80 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم رواں تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ شکست دینے کے بعد ایک درجہ ترقی کے بعد آٹھویں سے ساتویں نمبر پر پہنچی تھی اور وہ 40 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 24 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم تین ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے۔ بنگال ٹائیگرز تحال کوئی میچ نہیں جیت سکے اور وہ نویں نمبر پر ہیں۔