کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان میں عید کے تیسرے روز بھی تعطیل کا اعلان، صوبائی حکومت کے اعلامیہ کے مطابق صوبے بھر میں پیر 3 اگست کو عام تعطیل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان واحد صوبہ ہیں جہاں عید کے تیسرے روز بھی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کے متعلقہ محکمے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبے بھر میں عید کے تیسرے روز، 3 اگست بروز پیر کو عام تعطیل ہوگی۔دوسری جانب وفاقی حکومت، پنجاب اور سندھ بھی عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر چکے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عید کی چھٹیاں 31 جولائی سے 2 اگست تک ہوں گی۔ اس سے قبل پنجاب حکومت نے بھی عید کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا تھا۔ صوبے کے سرکاری ادارے عید کی تعطیلات کے سلسلے میں 31 جولائی سے 2 اگست تک بند رہیں گے۔پیر 3 اگست سے تمام سرکاری ادارے دوبارہ سے کھل جائیں گے۔ جبکہ وفاقی حکومت نے بھی اعلان کیا تھا کہ عید کے موقع پر 3 چھٹیاں دی جائیں گی۔ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عید کیلئے صرف 1 چھٹی دی جائے گی، تاہم حکومت نے اس کی تردید کرتے ہوئے 31 جولائی سے 2 اگست تک تعطیلات کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ رویت ہلال کمیٹی نے کچھ روز قبل اعلان کیا تھا کہ ملک میں یکم اگست کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔جبکہ گزشتہ روز مفتی منیب الرحمان نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ عید کے تیسرے روز یعنی 3 اگست کو بھی عام تعطیل دی جائے۔