Thursday November 28, 2024

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 9 روپے فی لیٹرتک اضافے کا امکان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اوگرا عالمی مارکیٹ کے تناظر میں سمری آج بھجوائےگا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 9 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پر کام جاری ہے۔سمری آج شام کو وزارت خزانہ کو ارسال کر دی جائے گی۔

گذشتہ روز اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز بعد تبدیل کرنے کی تجاویز آئی ہیں لہذا ہر 15روز بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دی جارہی ہے۔ اجلاس میں آئندہ ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی غورکیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اگست کی بجائے 15 اگست سے رد و بدل کیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کا اطلاق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہوگا۔ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ڈیلرز کو سپلائی کم کردی گئی ہے جس کے باعث عید الضحیٰ کی تعطیلات کے دوران پٹرول و ڈیزل کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جن ڈیلرز کو 20ہزار لٹر سپلائی فراہم کی جاتی تھی اب انہیں10ہزار لٹر سپلائی فراہم کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا بتانا ہے کہ بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے انوینٹری گین کی خاطر ڈیلرزکو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں کمی کی ہے۔ اگر معمول کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی جاری نہ رکھی گئی تو گزشتہ ماہ کی طرح دوبارہ پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

FOLLOW US