ریاض (نیوز ڈیسک) سابق ایرانی صدر کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، احمدی نژاد کی جانب سے محمد بن سلمان کو لکھے گئے خط میں یمن جنگ کے خاتمے کیلئے ثالثی کی پیش کش۔ العربیہ کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ کے 2 حریف ممالک سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کے سلسلے میں ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایران کے سابق صدر احمدی نژاد نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ کیا ہے۔ احمدی نژاد کی جانب سے سعودی ولی عہد کو ایک خط تحریر کیا گیا ہے، جس کی سعودی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق ایران صدر احمدی نژاد نے سعودی ولی عہد کو پیش کش کی ہے کہ وہ یمن کی طویل جنگ کے خاتمے کیلئے فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ سابق ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ یمن جنگ کے خاتمے کیلئے ایک بین الاقوامی کمیٹی بھی تشکیل دی جانی چاہیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ایک دوسرے سے تعاون کرنے کی صورت میں برسوں سے جاری یمن جنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ تمام فریقین مل بیٹھ کر کوشش کریں تو ناصرف یمن کی جنگ کا خاتمہ ممکن ہے، بلکہ وسائل کے بہتر استعمال سے یمن میں غربت اور تباہی کا خاتمہ بھی ممکن ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق ایرانی صدر کی جانب سے سعودی ولی عہد کو لکھا گئے خط کی ایک کاپی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی بھیجی گئی ہے۔ تاہم سعودی حکومت اور اقوام متحدہ دونوں کی جانب سے تاحال اس خط کاکوئی جواب نہیں دیا گیا۔