Friday November 29, 2024

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ نہ ہونے سے پاکستان کو مالی طورپر اربوں روپے کے نقصان کا اندیشہ، ممکنہ خطرے سے آگاہ کردیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ نہ ہونے سے پاکستان کو مالی طورپر بہت نقصان ہو گا۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ ان ایونٹس کے نہ ہونے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا مالی طور پر بہت نقصان ہو گا اور اس کے اثرات ڈویلپمنٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ پر نظر آئیں گے۔ مدثر نذر نے کہا کہ آئی سی سی اور اے سی سی کی جانب سے جو بھی فنڈز ملتے ہیں وہ ڈویلپمنٹ کیلئے ملتے ہیں اور یہ فنڈز ایونٹس کے انعقاد کے بعد ملتے ہیں اب جبکہ ایونٹس ہی نہیں ہو ں گے تو پھر فنڈز بھی یا تو ملیں گے نہیں یا کم ملیں گے۔

مدثر نذر نے کہا کہ یہ فنڈز کرکٹ بورڈز کے علاوہ ایمرجنگ ممالک کو بھی ملتے ہیں، اگر پاکستان کی بات کی جائے تو میں سمجھتا ہوں کہ فنڈز نہ ملنے سے پی سی بی کا بہت نقصان ہو گا اور اس کے پاکستان کرکٹ پر منفی اثرات پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ایک برس تو صوبائی سطح کی کرکٹ کرا لی اور اس پر خطیر رقم بھی صرف کر دی، اب نچلی سطح پر بھی تو کرکٹ کرانا ہے وہ کیسے کرائی جائے گی، اسپانسرز تو پہلے ہی نہیں ملے تھے، اب صورتحال ایسی ہے کہ اسپانسرز ملیں گے بھی نہیں۔ اس طرح جب گورننگ باڈیز سے پیسہ نہیں ملے گا تو پھر ڈویلپمنٹ پر خرچ کہاں سے ہو گا۔ سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے مالی طور پر مسائل پیدا ہوں گے، ڈویلپمنٹ کام میں پہلے ہی تسلسل نہیں ہے اور جتنا بھی کام ہوا ہے وہ کم ہوا ہے، اب اس صورتحال میں کام مزید رک جائے گا اور نتیجتاً اس کا نقصان کرکٹ کو ہو گا۔

FOLLOW US