اسلام آ باد (ویب ڈیسک) پاکستان میں تیار ٹریکٹرز پر ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی دینے کی منظوری دے دی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزارت غذائی تحفظ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں تیار ٹریکٹرز پر ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی دینے کی منظوری دے دی گئی ہے،سبسڈی ملک بھرمیں
سیلز ٹیکس کی مد میں دی جائے گی،اس وقت ہر ٹریکٹر کی فروخت پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سال2019 میں ٹریکٹرز کی سالانہ فروخت 41 ہزار یونٹ تھی،فی ٹریکٹر اوسط سیلز ٹیکس 60 ہزار روپے بنتا ہے،ٹریکٹروں پر سیلز ٹیکس کی سبسڈی ایک سال کے لئے دی گئی ہے۔ وزارت غذائی تحفظ کے مطابق ایف بی آر ٹریکٹر پر جی ایس ٹی کی چھوٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا،
مقامی ٹریکٹر مینوفیکچر آئندہ ہرماہ ایف بی آر اوروزارت کو رپورٹ کریں گے جبکہ فرانزک آڈٹ کے ذریعے کسانوں کے مفادات کو یقینی بنایا جائے گا۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق عید سے قبل بڑی عیدی، پنشنرز کو تمام واجبات ایک ساتھ ادا کر دیے گئے، ای او بی آئی نے جولائی کی پنشن 3 ماہ کے واجبات کے ساتھ جاری کردی، بزرگ پنشنرز کو ساڑھے 8 ہزار کی بجائے ساڑھے 14 ہزار روپے کی رقم موصول ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) نے جولائی کی پنشن 3 ماہ کے واجبات کے ساتھ جاری کردی۔اعلامیے کے مطابق 4 لاکھ پنشنرز کو فی کس 14500 روپے ادا کیے جارہے ہیں اور اس حوالے سے ان کے موبائل فون پر میسج بھی ارسال کیے جارہے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنشن یافتگان کسی بھی بینک کی اے ٹی ایم سے اپنی پنشن نکال سکتے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین ای او بی آئی اظہر حمید نے بتایا تھا کہ پنشنرز کیلئے خوشخبری ہے کہ انہیں عید سے پہلے ایک پنشن اور واجبات ادا ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ عید سے پہلے 8500 پنشن اور 6000 روپے واجبات کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ یکم ستمبر سے ای او بی آئی پنشنرز یوٹیلٹی اسٹور سے 10 فیصد رعایت پر آٹا، چینی، چاول ،
گھی اور دالیں خرید سکیں گے۔ جبکہ پنشن گھر پہنچانے اور پنشنرز انشورنس پر بھی کام ہورہا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اگست سے بزرگ پنشنرز کی پنشن میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔اب بزرگوں کو اگست کے ماہ سے کم از کم 8500 روپے کی پنشن ملے گی۔ ای اوبی آئی پنشنرز کو واجبات کی مد میں 2.4 ارب روپے بھی ادا کیے جائیں گے۔ حکومت نے ای او بی آئی پنشنرز کی پینشن میں 2 ہزار روپے اضافے کی منظوری دی تھی جبکہ رجسٹرڈ پنشنرز کو اب ساڑھے 8 ہزار روپے پنشن ملے گی۔ ای او بی آئی کے رجسٹرڈ پنشنرز کو 3 ماہ اپریل، مئی اور جون کے بقایا جات کی مد میں دیے گئے ہیں۔ یہ تمام بقایاجات پہلے اگلے ماہ اگست میں ادا کیے جانے تھے، تاہم اب عید سے قبل ہی ادا کر دیے گئے ہیں۔