Thursday November 28, 2024

نیپرا نے کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کرنے کاعندیہ دے دیا

کرچی (ویب ڈیسک) نیپرا نے کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کرنے کاعندیہ دے دیا، تفصیلات کے مطابق نیپرا نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ 15 روز میں شوکاز نوٹس کا جواب نہ ملا تو سمجھا جائے گا کہ کمپنی کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ نیپرا نے اپنی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک بن قاسم پاور پلانٹ کے لئے 1 لاکھ 20 ہزار ٹن فرنس آئل ذخیرے کا انتظام نہیں کیا، اور پلانٹ سے کم بجلی پیدا کی گئی، مشینوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث پلانٹ کئی بار بند رہا،

جب کہ 2017 کے دوران ٹیرف میں پلانٹ کی مرمت کے لئے 25 ارب کی منظوری دی گئی، اور بروقت مرمت نہ ہونے سے کراچی والوں کو بدترین لوڈشیڈنگ کاسامنا کرنا پڑا۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کرنے کاعندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے پی ایس او کو فرنس آئل کی بروقت ڈیمانڈ نہیں بھیجی، متعدد پاورپلانٹس کو متبادل فیول پر بھی نہیں چلایا گیا، کراچی میں 39 پاور ٹرانسفارمرز پر ذیادہ دباؤ سےغیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوئی۔ دوسری جانب فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 88 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کی سماعت چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں ہوئی جس میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیئرمین نیپرا کی جانب سے استفسار کیا گیا ہے کہ دسمبر میں بجلی پیداور میں فرنس آئل کا استعمال کیوں کیا گیا؟ دسمبر میں 4 ارب 90کروڑ کا فرنس آئل استعمال کیا گیا۔

اس موقع پر حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر نے بتایا کہ ہمارے پاس دسمبر میں گیس کی قلت تھی۔ اس جواب کے بعد چیئرمین نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام کی بجلی کے بل دے دے کر چیخیں نکل گئی ہیں اور کمپنیاں فرنس آئل استعمال کر رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 2 روپے اضافے کی اپیل کی تھی، تاہم نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 88 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

FOLLOW US