لندن (ؤیب ڈیسک) پاکستان اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کا متفقہ طور پر صدر منتخب ہوگیا۔پاکستان اس اہم عہدے پر چھٹی دفعہ منتخب ہو رہا ہے، اقتصادی اور سماجی کونسل اقوام متحدہ کا ایک اہم ادارہ ہے، پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اقتصادی اور سماجی کونسل کی صدارت کریں گے۔ منیراکرم اس سے پہلے 2005 میں بھی اقتصادی اور سماجی کونسل کے صدر رہ چکے ہیں،اقوام متحدہ کی تاریخ میں صرف 2 سفارتکار ایک سے زیادہ بار اس اہم عہدے پر رہ چکے ہیں۔منیر اکرم نے اپنے پہلے خطاب میں پاکستان کی بطور صدر ترجیحات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دنیا کو اس وقت کئی مسائل درپیش ہیں،کورونا کے عالمی معیشت، ممالک کی ترقی اور صحت پر اثرات اہم مسئلہ ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں محصور اقوام پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، کورونا ویکسین تک تمام ممالک کی رسائی ہماری ترجیحات میں شامل ہوگی۔