لاہور( ویب ڈیسک) نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت میں چلنے والے ہوٹل روز ویلٹ مالی بحران کا شکار ہے یا پھر سونے کا انڈہ دینے والی مرغی؟ نمائندہ جنگ کی حاصل کردہ دستاویزات نے تمام حقائق بے نقاب کردیئے، ہوٹل نے گزشتہ سال کتنا منافع کمایا؟ نمائندہ جنگ نیوز کی حاصل کردہ دستاویزات موجودہ صورتحال کے
برعکس ہیں،جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ہوٹل روز ولیٹ نے 4ار ب 68کروڑ روپے سے زائد کا نقد منافع کمایا ،94,924,946 ڈالرز کی کل آمدنی اور 66,159,840 ڈالرز کے کل اخراجات کے بعد یہ نقد منافع ہوااور اس پر 9,317,162 یعنی 9 ملین ڈالرز سے زیادہ کے ٹیکس بھی ادا کئے گئے ہیں۔
موجودہ صورتحال کے حساب سے ہوٹل روز ویلٹ کو طویل عرصے سے مالی نقصان کا سامنا ہے جبکہ مشکلات اور حکمرانوں کے لالچ اور کرپشن کے حوالے سے زیر بحث بھی ہے،موجودہ حکومت بھی اس ہوٹل کو ٹھکانے لگانے کی کوششوں میں ہے، لیکن امریکا میں پراپرٹی ،منافع اور دیگر امور کے ماہر اس ہوٹل کی آمدنی اور منافع کے حوالے سے کچھ الگ ہی بتاتے ہیں، جس کے مطابق ہوٹل روز ویلٹ سونے کا انڈہ دینےوالی مرغی ہے۔امریکا میں کمرشل پراپرٹیز کے بارے میں اعداد و شمار اور دیگر تفصیلات شائع کرنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق 1997میں اس ہوٹل کی مرمت ، تزئین و آرائش کیلئے 60 ملین ڈالرز سے بھی زیادہ رقم پی آئی اے انوسٹمنٹ نے خرچ کی، رپورٹ میں ہوٹل پر مزید تعمیر کیلئے”ایروائٹس‘‘ اور دیگرتفصیلات موجودہ حکومت کے ہوٹل کے نقصان اوردیگر دعووں کے برعکس ہیں۔پی آئی اے انوسٹمنٹ کے موجودہ ایم ڈی نجیب سمیع گزشتہ 30 سال سے زائد عرصے سے پی آئی اے انوسٹمنٹ سے وابستہ ہیں،پاکستان میں حکومتیں تبدیل ہوتی رہیں لیکن نجیب سمیع اپنی جگہ پر موجود رہے،وہ ہوٹل روز ویلٹ کے بارے میں اعلانیہ اور خفیہ حقائق جانتے ہیں۔دوسری جانب ہوٹل کی مرمت و تزئین و آرائش کی اندرونی کہانی کیا ہے؟اس حوالےسے تفصیلات اور پی آئی اے انوسٹمنٹ کے عہدیداروں کی کرپشن اور بدانتظامی کے واقعات سے نمائندہ جنگ نیوز کو بھی مکمل آگاہی ہے،ہوٹل روز ویلٹ کے بارے میں گزشتہ تیس سال کے دروان ’’جنگ‘‘ میں متعدد رپورٹس بھی سامنے آچکی ہیں۔