دُبئی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں زائد المعیاد ویزے کی از سر نو توسیع کے لیے درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ،۔میڈیارپورٹس کے مطابق یو اے ای کی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ جن افراد کے ویزے، ایمریٹس آئی ڈی اور انٹری پرمٹ کی مدت ختم ہو گئی ہے انھیں اس مدت میں مزید توسیع مل سکے گی۔متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں میں نرمی پیدا کر کے ویزوں میں توسیع سے متعلق درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا۔
ایسے افراد جن کے ویزے اور ایمریٹس آئی ڈی کارڈ مارچ اور اپریل میں زائد المعیاد ہونے کی وجہ سے غیر قانونی ہو گئے تھے وہ اتوار12 جولائی سے از سر نو اجرا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں،ایسے افراد جن کے ویزے اور کارڈ مئی میں ایکسپائر ہو گئے ہیں وہ 8 اگست سے درخواست دے سکتے ہیں۔ جبکہ جن افراد کے ویزے یکم جون اور 11جولائی کے دوران ایکسپائر ہوئے ہیں، انہیں تین ماہ کی رعایت دی گئی ہے۔ ان تارکین کو 10 ستمبر کے بعد سے اپنے ویزوں اور اقاموں کی لازمی تجدید کروانا ہو گی۔ تاہم جن افراد کے ویزے اور اقامے 12 جولائی اور اس کے بعد ایکسپائر ہو ں گے، انہیں کوئی رعایتی مُدت نہیں دی گئی ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے تارکین سے کہا گیا ہے کہ اپنی دستاویزات کی مُدت میں توسیع کے لیے آن لائن سسٹم سے فائدہ اُٹھائیں ۔ اس مقصد کے لیے انہیں گھر بیٹھے بیٹھے ہی توسیع کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔
تارکین فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کی ویب سائٹ (ica.gov.ae)پر جا کر ویزے اور اقامے کی مُدت میں توسیع کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے رہائشی ویزہ سے متعلق قوانین میں ترمیم کر دی ہے جس کے بعد امارات میں مقیم اور دیگر ممالک میں موجود اماراتی ویزہ ہولڈرز تارکین وطن کے ویزوں اور شہریوں کے پاسپورٹس کی مُدت میں توسیع کرانے کے لیے تین ماہ کی رعایت دے دی گئی ہے۔ اس طرح اماراتی حکومت کا پچھلا فیصلہ منسوخ کر دیا گیا ہے جس کے تحت یکم مارچ سے 1 دسمبر تک ویزوں اور اقاموں کی میعاد بغیر کسی فیس کے وصولی کے بڑھادی گئی تھی۔اسی طرح ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر سال کے آخر تک دی گئی رعایت بھی ختم کر دی گئی ہے۔