لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیانن ٹیلی فونک رابطہ، ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے کردار کے حوالے سے گفتگو کی گئی،دونوں رہنماؤں سے اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے پر سرد مہری پیدا ہوگئی ہے،
پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ احتجاجی سیاست کا آغاز کیا جائے اور حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے لیکن شہباز شریف مصالحتی سیاست پر زور دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ خاموش ہیں، تاہم اب دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے میں ایک مرتبہ پھر سے آل پارٹیز کانفرنس اور اپویشن کے کردار کے حوالے سے گفتگو کی گئی ہے تاہم آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔