اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان میں پٹرول مزید مہنگا ہونے کا امکان، ملک میں جدید پٹرول ” یوروفائیو” متعارف کروانے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، آئل کمپنیوں کی جانب سے حکومتی فیصلے کی مخالفت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستان میں جدید پٹرول یورو فائیو متعارف کروانے کی تیاریاں جاری ہیں ۔ آئل کمپنیوں کی جانب سے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ آئل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی یورو فائیو پٹرول پاکستان میں متعارف کروایا جائے گا تو پٹرولیم مصنوعات میں 7 روپے تک کا اضا فہ ہوجائے گا،
آئل کمپنیوں کی جانب سے حکومت کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنی ضروریات پوری کرنے کے جو یورپ سے تیل درآمد کرنے جا رہا ہے اس سے ٹرانسپوٹیشن پر لاگت بڑھ جائے گی اور یوں پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں پانچ سے ساتھ روپے تک کا اضافہ کرنا پڑے گا۔ آئل کمپنیوں کے مطابق اگر حکومت یورپ سے تیل درآمد کرتی ہے تو سالانہ ملکی خزانے پر پچیس سے تینتیس ارب روپےکا بوجھ بڑھ جائے گا۔ آئل کمپنیوں کی جانب سے حکومت کو اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ پاکستان کی آئل ریفائنریاں یورو فائیو تیل کی ضروریات کو پورا نہیں کر سکتیں، اس طرح یورو فائیو کی دستیابی کو پاکستان میں یقینی بنانے کے لیے چھ سے ساتھ مہینے لگ سکتے ہیں، جب پاکستان میں حکومت کی جانب سے یورو ٹو پٹرول متعارف کروایا گیا تھا تو پاکستان کو اس ٹیکنالوجی میں تبدیل کرنے کے لیے 2 سال کا عرصہ لگا۔ آئل کمپنیوں کی جانب سے مزید لکھا گیا کہ ایندھن کے معیار کا انجن کی طاقت اور کارکردگی ، گاڑیوں کے اخراج اور ایندھن کے اخراج سے براہ راست ربط ہے، اکثر دھاتی آر او این بوسٹر جیسے ایندھن کے اضافے ہائی ٹیک انجن کی کارکردگی کو منفی اثر انداز کرتے ہیں۔