Thursday November 28, 2024

پٹرول کی قیمت71 روپے 15 پیسے کی جائے، اصل قیمت 67 روپے ہے، باقی ٹیکس شامل ہیں

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج پٹرول کی قیمت71 روپے15 پیسے ہونی چاہئے، پٹرول کی اصل قیمت67 روپے ہے، باقی ٹیکس شامل ہیں، دستیاب پٹرول پر44 روپے 55 پیسے ٹیکس لگایا گیا ہے، حکومت ٹیکس وصولیوں اور معیشت کو سنبھالنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومتی نااہلی کا مقدمہ عوام کی عدالت میں رکھ دیا ہے۔ حکومت ٹیکس کلیکشن، معیشت کو سنبھالنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں میں آج ایک اور اضافہ ہوگیا ہے۔ آج جو پٹرول کی قیمت ہے اسے35 روپے کم ہونی چاہیے۔ آج پیٹرول کی حقیقی قیمت67 روپے ہے، باقی ٹیکس شامل ہیں۔آج جو پٹرول دستیاب ہے اس پر 44 روپے 55 پیسے ٹیکس لگایا گیا ہے۔

حکومت عوام سے ایک لیٹر پیٹرول پر47 روپے ٹیکس وصول کررہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ٹیکس اکٹھا کر نے میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے چور دروازے سے حکومت نے پٹرول کی قیمت بڑھا دی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں نہیں بلکہ ٹیکس میکں اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹیکس بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت بڑھ جائے گی، مہنگائی کا ایک نیا سیلاب آئے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت نے30 جون کا انتظار نہیں کیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دیں۔ اب منہگائی کا طوفان نہیں رکے گا۔ پٹرول کے بعد اب بجلی بھی منہگی ہوگی۔ عمران خان کیا کہتے تھے اور کر کیا رہے ہیں۔ عمران خان اگر یہی پالیسیاں چلاتے رہے تو ملک ایسے مقام پر پہنچ جائیگا جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو۔ عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ پٹرول کی قیمت بڑھی ہے تو کل بجلی کی قیمت بھی بڑھے گی۔ اگر جرات ہے تو عمران خان کل اسمبلی میں اعتراف کرتے کہ انہوں نے دوسال میں ملک کا کیا حال کردیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر جرات ہے تو عمران خان استعفا دیں۔

پی ٹی آئی اپنا نیا لیڈر چن لے۔ کیونکہ آج سارا پاکستان عمران خان کی انا کی زد میں ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کا عوام پر ایک اور مہنگائی بم! جب عالمی تیل کی قیمت اپریل 2018ء میں 72 ڈالر فی بیرل تھی تو مسلم لیگ ن نے پٹرول 88 روپے اور ڈیزل 99 روپے پر عوام تک پہنچایا۔ جون 2020ء میں عالمی تیل کی قیمت 41 ڈالر ہے۔ مسلم لیگ ن کے دور سے43 فیصد کم، لیکن پی ٹی آئی عوام کو پٹرول 100 روپے اور ڈیزل 101 روپے میں دے رہی ہے۔

FOLLOW US