Thursday November 28, 2024

وفاقی حکومت کی طرف سے ایندھن کی عدم دستیابی کی وجہ سے کراچی میں لوڈشیدنگ میں اضافہ ہونے کا کے الیکٹرک کا تاثر درست نہیں، ترجمان وزارت توانائی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزارت توانائی کے ترجمان نے کے الیکٹرک کی طرف سے کراچی میں لوڈ شیڈنگ میں اضافے سے متعلق غلط تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو 800 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہی ہے اور 500 نیشنل گرڈ سے میگاواٹ مزید دینے کے لئے بھی تیار ہے لیکن کے الیکٹرک کے سسٹم میں مسائل اضافی بجلی کے حصول میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ جمعہ کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ایندھن کی عدم دستیابی کی وجہ سے کراچی میں لوڈشیدنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ کے الیکٹرک نے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لئے مناسب اقدامات اور سرمایہ کاری نہیں کی۔ وفاقی کابینہ کراچی کے عوام کی بھلائی کو مد نظر رکھتے ہوئے پہلے ہی قومی گرڈ سے کے الیکٹرک کو 1100 میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کرنے کی منظوری دے چکی ہے لیکن کے الیکٹرک کا سسٹم اس وقت اس قابل نہیں ہے کہ وہ یہ اضافی بجلی حاصل کر سکے۔ اب اضافی بجلی مکمل طور پر حاصل کرنے کے لئے 2022-23ء تک کا عرصہ لگے گا۔ ایل این جی کی سپلائی بھی تیار ہے لیکن آرٹیکل 158 کی وجہ سے کے الیکٹرک ایل این جی کی ایک محدود مقدار لے رہی ہے۔ ایس ایس جی سی 75 سے 100 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی سمیت 250 سے 290 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پٹرولیم ڈویژن نے ملک کی 80 فیصد آر ایف او پیداوار کے الیکٹرک کو فراہم کرنے کے انتظامات کئے ہیں تاکہ اس کے بجلی گھروں کو چلایا جا سکے۔ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کی ضروریات فوری پوری کرنے کے لئے دوسرے بجلی گھروں کے ذخائر سے بھی 30 ہزار ٹن آر ایف او کی فراہمی کے انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے کے الیکٹرک کے لئے آر ایف او کی خریداری کے لئے ایک گیلپ انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کرنے کے لئے پی ایس او کو اجازت دی۔

ٹیندر پہلے ہی جاری ہو چکا ہے۔ وفاقی کابینہ نے کے الیکٹرک کے ان نئے بجلی گھروں کے لئے 150 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے جو کہ اگلے سال تک کے الیکٹرک مکمل کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ ان تمام اقدامات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کی معاونت اور کراچی کے عوام اور صنعتوں و کاروبار کی سہولت کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ کے الیکٹرک نے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے اور جدید بنانے کے لئے سرمایہ کاری نہیں کی جس کی وجہ سے بجلی کی طلب بڑھنے کے باعث اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے تمام ممکن اقدامات کرے گی۔

FOLLOW US