ممبئی (ویب ڈیسک) : سشانت سنگھ راجپوت کا ڈپریشن کا علاج چل رہا تھا، بالی وڈ کے خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے دوست سدھیر چوہدری نے کہا ہے کہ دستاویزات کے مطابق اداکار ذہنہ دباؤ کا شکار تھے اور انکا علاج چل رہا تھا کہ اسی دوران انہوں نے خودکشی کرلی۔ سدھیر چوہدری نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی خبر کو شدید حیرت ناک اور افسوسناک قرار دیا، انہوں نے کہا اس خبر نے انہیں ہلا کر رکھ دیا ہے۔
خیال رہے کہ آج معروف بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے اپنی رائشگاہ پر خودکشی کرلی ہے، 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت کی پھندہ لگی لاش ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی، اطلاع پر پولیس نے اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے کمرے کے دروازے کو توڑ کر ان کی لاش کو پھندے سے اتارا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت کی لاش ممبئی کے علاقے باندرہ میں انکی رہائشگاہ سے برآمد ہوئی ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے دوستوں کی موجودگی میں اپنی رہائش گاہ پر خود کو کمرے میں بند کرکے مبینہ طور پر خودکشی کی۔ خیال رہے کہ سشانت سنگھ کی آخری فلم 2019 میں ‘چھچھوری’ کے نام سے ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔ لاک ڈاؤن کے بعد انکی ایک اور فلم ‘دل بیچارہ’ آنے والی تھی۔ اس سے قبل معروف بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی پر بننے والی فلم میں بھی سشانت سنگھ مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں۔ اداکار کی جانب سے خودکشی کرنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب کہ 2 دن قبل ہی ان کی مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئی تھیں۔









