Wednesday October 23, 2024

کورونا کا وار تیز، اسلام آباد کے مزید کئی علاقے سیل کر دئیے گئے!!

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد میں مزید علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار کورونا کی لپیٹ میں ہے، اسلام آباد انتظامیہ نے کورونا سے متاثرہ مزید علاقے سیل کردیے ہیں۔سیکورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر جی ٹو، تھری اور نائن کو سیل کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں سخت ترین لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ تمام داخلی راستوں پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ان علاقوں میں سخت ترین لاک ڈاؤن دیکھنے میں آرہا ہے اور چاروں اطراف سے کسی بھی شہری کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔اور نہ ہی شہریوں کو باہر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔خلاف ورزی کی صورت میں پولیس کی جانب سے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے خلاف ورزی دیکھنے میں آ رہی ہے جس صورت میں پولیس انہیں چالان کر رہی ہے اور جیلوں میں بند کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ان علاقوں کو تین روز تک مکمل سیل رکھا جائے گا اور کسی شہری کو اندر جانے یا باہر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جی نائن کے علاقے میں 400 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اس علاقے کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرونا وائرس پھیلاو کے روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں ہوتے مسلسل اضافے کے پیش نظر اسلام آباد کے مزید علاقے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ان علاقوں کے لوگوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ 3 روز کیلئے خوراک کا ذخیرہ کر لیں۔ لوگوں کو 3 دن کیلئے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایک ہفتہ قبل ہی اسلام آباد کے 9 علاقوں کو سیل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان علاقوں میں سعودی پاک ٹاور، پاکستان اسپورٹس بورڈ، چٹھا بختاور، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن، ای الیون 4 گلی نمبر 16، سیکٹر آئی 10 اور آئی 10 فور گلی نمبر 26 اور سب اسٹریٹ، سیکٹر جی نائن 4 کی گلی نمبر 111، سیکٹر جی سیون 2 کی گلی نمبر 54، پی ڈبلیو ڈی کالونی بلاک نمبر 6 اور سیکٹر جی 4 گلی نمبر 62 شامل ہیں۔ موقف اختیار کیا ہے کہ جب تک ان علاقوں میں کرونا وائرس کیسز ختم نہیں ہوتے، یہ علاقے مکمل طور پر سیل رہیں گے۔

FOLLOW US