Wednesday October 23, 2024

وفاقی کابینہ نے سٹیل ملز ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ نے سٹیل ملز ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی تقثیق کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل ملز کے تمام ملازمین کو برطرف کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آ وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت سٹیل ملز کی نجکاری اور ملازمین کی برطرفی کے معاملے پر اجلاس ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز کی نجکاری کے معاملے پر کابینہ اجلاس میں گرما گرمی کا ماحول رہا، اجلاس کے دوران مشیرِ خزانہ حفیظ شیخ نجکاری کے معاملے پر اسد عمر پر برس پڑے، حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ نجکاری میں دلچسپی لینے والی کمپنیوں سے متعلق غلط بریفنگ دی گئی، سرکاری دستاویزات میں ان کمپنیوں کی جانب سے یقین دہانی کا ذکر نہیں ہے۔

حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ جب نجکاری کا عمل شروع ہوگا تو بہت سے حقائق سامنے آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق جب حفیظ شیخ نے اسد عمر سے متعلق ریمارکس دیے تو وزیراعظم عمران خان خاموشی سے سنتے رہے اور کوئی ردِعمل نہیں دیا۔اب خبر سامنے آئی ہے کہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلے کی تقثیق کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل ملز کے تمام ملازمین کو برطرف کرنے کی منظوری دے دی ہے، وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 جون 2020 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔ وفاقی کابینہ نے اسٹیل ملز کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر تفصیلی غور کیا اور نوٹ کیا کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا اصلاحات کا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے کابینہ نے کہا کہ سالہا سال سے غیر فعال ادارے کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی مفاد میں اصلاحاتی ایجنڈے کو مزید آگے بڑھا یا جائے۔

FOLLOW US