دہلی (ویب ڈیسک) رواں سال 29 اپریل کو اِس دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بیٹے بابیل نے اپنے والد کی بارش سے متعلق جذباتی وابستگی کے بارے میں بتا دیا ہے۔ فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عرفان خان کے بیٹے بابیل نے اپنے والد کی فلم ’دی سانگ آف اسکورپین ‘ کی ایک یادگار تصویر شیئر کی جس میں اداکار نے اونٹ کے تاجر کا کردار ادا کیا تھا۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے بابیل نے لکھا کہ ’میرے والد کا بارش سے ایک الگ ہی تعلق تھا جو وہ لفظوں میں بیان کرنے سے قاصر تھے۔‘ بابیل نے لکھا کہ ’بارش سے والد کی جو گہری اور جذباتی وابستگی تھی وہ میں اپنے تجربات کو جمع کرکے بھی تحریر کرنا چاہوں تو میرے لیے ناقابلِ بیان ہوگا۔‘ عرفان کے بیٹے نے لکھا کہ ’اے میرے خدا، صرف صحرا ہی دکھا سکتا ہے
کہ بارش کے ساتھ اُن کی کیسی وابستگی تھی۔‘ دوسری جانب عرفان خان کی اہلیہ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنے شوہر کی یادگار تصویر کے ساتھ دیگر تصویر اور ایک منٹ پر مشتمل بارش کی ویڈیو پوسٹ کی۔ عرفان خان کی اہلیہ سُتاپا سکدر نے اپنے شوہر کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کا بہت بہت شکریہ میں آپ کو سُن سکتی ہوں، مجھے معلوم ہے کہ یہ بارش مجھ پر آپ ہی کی طرف سے ہے۔‘ اُنہوں نے لکھا کہ ’دو جہانوں کے درمیان بارش نے ایک بار پھر سے ہمیں ملایا ہے۔‘ اِس سے قبل عرفان خان کی موت کو 1 ماہ گزرنے پر اُن کی اہلیہ نے اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ’برائیوں سے پاک ایک دُنیا ہے جہاں میں ایک دن آپ سے ملوں گی، ہم ایک بار پھر سے ملیں گے، ایک دوسرے سے باتیں کریں۔‘ واضح رہے کہ رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔