لاہور:پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی رعایت نہیں، صوبائی حکومت خاموش۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں مزید کمی کرنے سے انکار کر دیا جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ، محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے از خود کرایوں میں کمی کرنے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کی جانب سے پنجاب حکومت کے نمائندوں سے رابطہ کیا گیا اور کرایوں میں مزید کمی کے حوالے سے اقدامات کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں پوچھا گیا
جس پر پنجاب حکومت کی جانب سے کوئی بھی حکم نامہ نہ ملنے پر محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بھی خاموشی اختیار کر لی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق کرایہ کیلئے بنائے گئے ایس او پیز کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے کمی یا زیادہ ہونے کی صورت میں محکمہ ٹرانسپورٹ پابند ہے کہ کرایوں میں بھی ایک پیسہ فی کلو میٹر کے حساب سے کمی کی جائے لیکن اس بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10سے 11فیصد تک مزید کمی کی گئی لیکن پنجاب حکومت اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے عوام کوریلیف دینے کیلئے کرایوں میں کمی کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ گزشتہ روز محکمہ ٹرانسپورٹ میں موجود تمام ملازمین بھی دفاتر میں اس لئے زیادہ وقت تک بیٹھے رہے کہ کرایوں میں کمی کرنے کی صورت میں مسافروں کے لئے ہر اضلاع کا نیا کرایہ نامہ تیار کرنا پڑ سکتا ہے لیکن افسران کی جانب سے کوئی ہدایت نامہ نہ ملنے پر ملازمین ڈیوٹی ختم کر کے چلے گئے ۔