Monday January 20, 2025

پاکستان فلورملزایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا

لاہور: پاکستان فلورملزایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 120 روپے مہنگا کردیا ہے، نئی قیمت کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا 805 سے بڑھ کر925 روپے کا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پنجاب فلورملزایسوسی ایشن عبدالرؤف مختار کا کہنا ہے کہ آٹے کے فی تھیلے کی قیمت میں اضافہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے کیا گیا۔ جنوبی پنجاب میں 20 کلو تھیلے کی قیمتوں میں 50 سے 60 روپے فی تھیلا اضافہ کردیا گیا ہے۔ سنٹرل پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1600 روپے فی من ہے۔ اس لیے زائد نرخوں پرگندم خرید کر سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی ممکن نہیں۔

جس کے باعث اب آٹے کی 20 کلو کے تھیلے کی نئی قیمت ایکس ملز نرخ 900 روپے، اور ریٹیل قیمت 925 روپے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی نئی فصل کی نقل وحمل پر پابندی اور فلور ملوں کے سٹاک کو سرکاری تحویل میں لینے کے باعث آٹے کی صورتحال خراب ہوئی۔ کیونکہ فلور ملوں کے پاس72 گھنٹے کا بھی گندم کا سٹاک موجود نہیں۔ اگر حکومت چاہتی ہے کہ فلو ملز سرکاری نرخوں پر آٹا فروخت کریں تو پھر حکومت کو فلور ملز کو گندم کا اجراء یقینی بنانا ہوگا۔ دوسری جانب سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری سطح پر پنجاب میں گندم کی خرید کا گزشتہ10برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور پہلی مرتبہ محکمہ خوراک نے 40لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خرید کی حد عبورکر لی ہے جس کے بعد صوبے کے پاس مجموعی طور پر 43لاکھ میٹرک ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں جو صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے لئے وافر ہوں گے۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اس اہم کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ اب فوری طور پر فلور ملز اور سیڈ کمپنیوں کو گندم کی خرید میں مدد فراہم کی جائے تاکہ اس شعبے میں بھی گندم ضرورت کے مطابق موجود ہو۔اسی طرح صوبہ کے پی کے کے لئے گندم کی فراہمی کے لئے مربوط حکمت عملی وضع کی جائے جس میں دونوں صوبوں کے خوراک کے محکموں اور چیف سیکرٹری صاحبان کو آن بورڈ لیا جائے تاکہ کہیں کوئی کنفیوژن نہ ہو۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سیکرٹری خوراک کو یہ ہدایت بھی کی کہ کل ہی پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن سے اجلاس منعقد کیا جائے جس کے بعد محکمہ خوراک اور فلور ملز کی مشاورت سے ہر ڈویژن میں ضلعی انتظامیہ آٹے کی قیمت کا تعین کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی صوبے بھر کے بارڈر سیل رکھے جائیں تاکہ سمگلنگ کو روکا جا سکے جس سے گندم کی قیمت نیچے آ سکتی ہے۔ عبدالعلیم خان نے گندم کی خرید میں محکمہ خوراک،ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور سیکرٹری فوڈ کو ہدایت کی کہ گندم کی مزید خرید روکنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بھجوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے گندم کی خرید کا 90فیصد ہدف پورا ہونا خوش آئندامر ہے،امسال گندم خریداری میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور توقع ہے کہ محکمہ آئندہ بھی اسی فرض شناسی کا مظاہرہ کرے گا۔انہوں نے محکمے کے افسران کو وزیر اعظم عمران خان سے منظوری کے لئے نئی پالیسی کی سفارشات کی تیاری کی بھی ہدایت کی جس کے تحت آئندہ سال گندم کی خرید میں تبدیلی کی جائے گی اور صرف حکومتی” ریزرو “کیلئے گندم رکھی جائیگی۔

FOLLOW US