لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان میں ترک ڈرامہ سیریل “ارطغرل غازی” کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ ایسے میں پاکستانیوں کے پسندیدہ اداکاروں کی فہرست میں ترک فنکار بھی شامل ہوگئے ہیں اور اگر بات ہو ارطغرل کی حلیمہ سلطان کی تو ان کیلئے تو ان کے پاکستانی مداح اتنے جذباتی ہیں کہ کیا کہے کوئی۔ دوسری جانب ارطغرل غازی کے مرکزی کرداروں کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر اب پاکستانی مداحوں کے تبصروں کے بھی ڈھیر نظرآتے ہیں۔اسرا کا ایک انداز:ایسے ہی ایک پاکستانی نے ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کاکردار نبھانے والی اداکارہ اسراء بلجیک کے انسٹا گرام اکاونٹ پران کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
پاکستانی صارف نے انہیں بتایا کہ ان کا ڈرامہ پاکستان میں بےحد مقبول ہورہا ہے اور لوگ ان سے بہت زیادہ محبت اور پسندیدگی کااظہارکرہے ہیں۔پاکستانی صارف کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ اسراء بلجیک نے کہا کہ “میں اس قیمتی رائے پر دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکریہ اداکرتی ہوں، آپ سب کی حمایت نے مجھے سچ میں خوشی بخشی ہے۔ میں موجودہ صورتحال کے ختم ہونے کے بعد پاکستان آکر آپ سب سے ملنے کیلیے بےتاب ہوں، اپنا بے حد خیال رکھیے گا۔”واضح رہے کہ سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ارطغل کی بہادری، مضبوط ایمان، حوصلہ، سب لوگوں کی مخالفت کے باوجود اپنے مقصد پر کھڑے رہنا جیسی خوبیوں نے جہاں پاکستانیوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے وہیں حلیمہ سلطان نے اپنی خوبصورتی اور شاندار کردار ادا کرنے کی وجہ سے پاکستانیوں کے دلوں میں گھر کر لیا ہے۔









