راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بھارتی فوج نے ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کردی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی، پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر اور سنکھ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی ، بھارتی فوج نے شہری آبادی کو فائرنگ کرکے نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج نے خود کار ہتھیاروں، راکٹ لانچر، بھاری مارٹرز اور آرٹلری کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ بلااشتعال فائرنگ سے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خواجہ بانڈی گاؤں کی خاتون شدید زخمی ہوئیں۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا ہے۔ واضح رہے بھارتی فوج نے چار روز قبل بھی ایل اوسی پر جندروٹ اور کھوئی رتہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور کمسن بچی شدید زخمی ہوگئی تھیں۔ اسی طرح کچھ روز قبل ایل او سی پر بھارت نے پاکستانی فوجی چوکیوں اور سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس میں پاک فوج کا لانس نائیک اور دو خواتین شہید ہوگئی تھیں۔