ممبئی: معروف بھارتی اداکاررشی کپوراس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔ رشی کپور ایک طویل عرصے سے بیمار تھے اور امریکہ میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ روز طبیعت خراب ہونےکی وجہ سے انہیں ہسپتال داخل کیا گیا تھا جس کےبعد آج وہ جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ 67 سالہ رشی کپور کا شمار بالی وڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہون نے اپنی اداکاری سے ساری دنیا کو اپنا مداح بنا لیا۔
بتایا گیا ہے کہ 2018 میں رشی کپور میں کینسر کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ علاج کے لئے امریکہ چلے گئے تھے۔ علاج کروانے کے بعد ستمبر 2019 میں انہوں نے بھارت واپسی کی تھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشی کپور کینسر کے علاوہ سانس کی بیماری میں بھی مبتلا تھے جس کی وجہ سے گزشتہ روز ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کی صورت میں انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی لاکھ کوششوں کے بعد بھی ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی جس کے باعث وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ رشی کپور کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی رندھیر کپور نے کی اور اس دوران رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔یاد رہے کہ ا س سے قبل گزشتہ روز ایک اور بھارتی نامور اداکار عرفان خان بھی انتقال کر گئے تھے۔ مایہ ناز مسلمان اداکار کو کولون انفیکشن کی وجہ سے ممبئی کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ اپنی بیماری سے نہ لڑ سکے اور اس دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے مایہ ناز مسلمان اداکار عرفان خان کی طبیعت کولون انفیکشن کی وجہ سے بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ان کی حالت اس قدر تشویش ناک تھی کہ انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کرنا پڑا،جہاں پر ان کا علاج جاری تھا ۔ لیکن علاج کے بعد بھی عرفان خان 53 سال کی عمر میں اس دنیا سے چلے گئے تھے۔ گزشتہ روز کے بعد آج ایک اور بھارتی نامور اداکار رشی کپوراپنے کروڑوں مداحوں کو چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔









