ریاض: سعودی حکومت نے منسوخ کیے گئے ورک ویزوں کی فیس واپسی کا عمل شروع کر دیا، 18 مارچ کے شاہی حکم نامے کے بعد سینکڑوں غیر ملکیوں کو جاری کیے گئے ورک ویزہ منسوخ کیے جا چکے۔ خلیجی خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت افرادی قوت نے وزارت خارجہ کی معاونت سے ایسے تمام غیر ملکیوں کو ویزہ فیس کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے، جن کے ورک ویزہ منسوخ کیے جا چکے۔
کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث گزشتہ ماہ غیر ملکیوں کے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس حوالے سے شاہی حکم نامہ بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس حکم نامے کے تحت دنیا بھر میں سینکڑوں غیر ملکیوں کو سعودی عرب میں روزگار کے حصول کیلئے جاری کیے گئے ویزے منسوخ کر دیے گئے۔ منسوخ کیے گئے ویزوں میں ایسے ویزے بھی شامل ہیں جن پر مہر ثبت کی جا چکی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ 18 مارچ کے شاہی حکم نامہ کے تناظر میں جن جن غیر ملکیوں کے ورک ویزہ منسوخ کیے گئے، ان سب کو ویزہ فیس واپس کی جائے گی۔ سعودی حکومت کے اس فیصلے سے متاثرہ غیر ملکیوں کو ویزہ فیس تو واپس مل جائے گی، تاہم ان غیر ملکیوں سے بظاہر ان کا روزگار چھن گیا ہے۔









