Saturday November 30, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ۔۔۔ ’’رائز پنجاب ‘‘منصوبہ 2020کی منظوری ،فوری 50لاکھ افراد کو نوکریاں فراہم ، پنجاب حکومت نے شاندار خوشخبری سنا دی

لاہور( ویب ڈیسک ) پنجاب حکومت نے ’’رائز پنجاب ‘‘منصوبہ 2020کی منظوری دیدی جس کے تحت پنجاب میں فوری 50لاکھ افراد کو نوکریاں فراہم کرنے کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پنجاب کے مستقبل کی معاشی نمو کی حکمت عملی کیلئے حکومتی منصوبے پر 90شاہراہ پر اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پوسٹ کوویڈ 19 کے لئے پنجاب حکومت کی سماجی تحفظ اور معاشی بحالی رسپانس ’’رائز پنجاب‘‘کا افتتاح کیا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلی نے کوویڈ19کامقابلہ کرنے کے حوال سے وزیراعظم پاکستان کے ویژن اور مصیبت میں لوگوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی حکومتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون اور صحت کی سہولیات کو مستحکم کرنے جیسے بروقت اقدامات کرکے حکومت صورتحال کو قابو میں رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس جامع حکمت عملی کی تیاری کے لئے منصوبہ بندی و ترقیاتی بورڈ کی کوششوں کو بھی سراہا جو کوویڈ19کے بعد کے عرصہ میں عوامی شعبے کی سرمایہ کاری کی سمت طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسے ایک انتہائی اہم حکمت عملی سمجھتے ہیں کیونکہ اس سے صوبے کے آئندہ سالانہ ترقیاتی منصوبے کی سمت طے ہوگی اور مجھے امید ہے کہ رائز پنجاب اسٹریٹجک فریم ورک صوبے کی معیشت کو پٹڑی پر ڈالنے میں معاون ثابت ہوگا۔ پی اینڈ ڈی بورڈ نے ڈیفڈ کی سب نیشنل گورننس ٹیم کے تعاون سے کوویڈ 19 کے بعد عوامی سرمایہ کاری کے لئے حکمت عملی تیار کی ہے۔ مذکورہ حکمت عملی کا بنیادی ایجنڈا نہ صرف کوویڈ19 کے اثرات کے بعد معاشی بحران سے نمٹنا ہے بلکہ اس بحران کا شکار ہونے والے کمزور لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ حکومت پنجاب نے اس عالمی وبا ء کی وجہ سے پیدا ہونے والے مالی اثرات کو کم کرنے کے لئے ’’رائز پنجاب‘‘کے نام سے

ایک منصوبہ تیار کیا ہے جو کوویڈ19 کے بعد کے جواب میں عوامی ضروریات کو پورا کرے گا۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب نے سماجی تحفظ اور معاشی بحالی کے لئے قابل قبول سرمایہ کاری کے لئے حکمت عملی کو موثر طریقے سے تیار کیا ہے۔ یہ پنجاب کے لئے مستقبل کی معاشی ترقی کی حکمت عملی کا ایک فریم ورک ہے۔ تمام ترقیاتی اسکیمیں / اقدامات ، چاہے وہ مقامی طور پر مالی اعانت سے چلنے والے ہوں یا ڈونر سپورٹ ہوں کو ’’رائز پنجاب ‘‘کے تحت تیار کیا جائے گا۔’’رائز پنجاب‘‘کا جامع فریم ورک چھ شعبوں پر مرکوز ہے جس میں معاشی بحالی و استحکام، معاشرتی تحفظ، صحت، نظم و نسق کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ بہتری، تعلیم و انسانی سرمایہ کاری کی ترقی اور رسک مینجمنٹ شامل ہیں۔اس موقع پر چیئرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہونا اور اس عالمی بحران کے دوران ان کا مکمل ساتھ دینا ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پی اینڈ ڈی نے متاثرہ عوام کو ریلیف پیکیج کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ’’رائز پنجاب‘‘حکومت، اکیڈمیا، کاروباری، بین الاقوامی شراکت داروں کے بہت سے پیشہ ور افراد کی ایک باہمی تعاون کی کوشش ہے۔ یہ منصوبہ عوامی سرمایہ کاری اور صف بندی کی پالیسیوں کے لئے اسٹریٹجک سمت فراہم کرے گا اور آئندہ سال کے سالانہ ترقیاتی منصوبے کو تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ قلیل مدتی، درمیانی مدتی اور طویل مدتی جاری منصوبوں

کی منظوری کے دوران استعمال ہوگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ عمران سکندر بلوچ نے کوویڈ 19 کے بعد کے مالی اور معاشی منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایس این جی پنجاب ٹیم کے رہنما عثمان چوہدری نے کہا کہ حکومت معیشت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور طبقے پر کوویڈ19کے اثرات کو کم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ایس این جی، پی اینڈ ڈی کی مدد سے ایسے منصوبے تیار کرنے میں تکنیکی مدد فراہم کرے گا جس سے متاثرہ افراد کی زندگی آسان ہوجائے گی۔افتتاحی تقریب میں پی اینڈ ڈی کے ممبران سمیت سینئر افسران اور ڈیفڈ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت سرکاری سکولز میں آن لائن ایجوکیشن پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ سرکاری سکولز میں ایک ہزار سائنس لیبارٹریاں، بلڈنگز بنائی جائیں گی۔ پنجاب میں 100 ماڈل سکولز، 2 ہزار کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ’’رائز پنجاب ‘‘پروگرام کو آئندہ بجٹ 2020 میں شامل کیا جائے گا۔ فوڈ سکیورٹی، زرعی پیداوار، لائیو سٹاک میں اضافہ کیا جائے گا۔ سمال اینڈ میڈیم کاروبار کو فروغ دینا، تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ دینا شامل ہے۔ سوشل پروٹیکشن کے تحت نادار طبقہ کی مالی امداد کی جائے گی۔ ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت کاروبار میں بہتری لائی جائے گی۔ پنجاب میں ٹیکس ریکوری کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا۔ پنجاب میں ہیلتھ ایمرجنسی فنڈ تشکیل دیا جائے گا۔ صوبائی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی جو 24 گھنٹے فعال رہے گی۔ پنجاب میں 36 صوبائی لیبز بنائی جائیں گی جہاں ہر ٹیسٹ ہو سکے گا۔ وزیراعلی سیلف روزگار پروگرام لایا جائے گا، مائیکرو بزنس کو فروغ دیا جائے گا۔

FOLLOW US