Saturday November 30, 2024

نیب نے نواز شریف کے وارنٹ جاری کر دئیے، اشتہاری قرار دینے کی درخواست تیار

لاہور : نیب لاہور نے نواز شریف کے وارنٹ جاری کر دئیے، اشتہاری قرار دینے کی درخواست تیار کر لی گئی ہے، ذرائع کے مطابق نیب نے میرشکیل الرحمن کے خلاف اراضی کیس میں قائد مسلم لیگ(ن) اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کواشتہاری قرار دینے کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کیاجائے گا ۔نوازشریف متعددبارطلبی کے باوجودپیش ہوئے نہ انہوں نے نیب کے سوالنامے کاجواب دیا۔نیب نے نوازشریف سے اراضی کی الاٹمنٹ کے حوالے سے پوچھا تھا۔قومی احتساب بیورو نے سوالنامہ نوازشریف کی پاکستان میں موجود دو رہائشگاہوں

اور لندن کے ایون فیلڈفلیٹس پر ارسال کیا تھا مگر سابق وزیراعظم یا ان کے کسی نمائندے یا وکیل نے اس معاملے پر نیب کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔نیب کے مطابق سوالنامے سے پہلے نوازشریف کو پیشی کے لیے متعدد نوٹس بھی جاری کئے گئے ۔نیب ذرائع کا کہنا ہے نوازشریف نے 1988 میں بطور وزیر اعلی پنجاب غیر قانونی طور پر جوہر ٹاؤن میں54 کنال اراضی الاٹ کی ۔نیب ذرائع کے مطابق اراضی پر تعمیر دو گھروں کے بجلی، گیس، پانی کے اخراجات بھی قومی خزانے سے ادا کئے گئے ۔دوسری جانب نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کوآج طلب کرلیا، نیب نے متعلقہ پولیس سٹیشن کو میاں جاوید لطیف کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے ۔ جاوید لطیف چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات ہیں اوران کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں بھی شامل ہے ، وہ این اے 121 شیخوپورہ 3 سے رکن قومی اسمبلی ہیں اور اس سے قبل بھی وہ نیب لاہور میں پیش ہوتے رہے ہیں۔

FOLLOW US