Monday November 25, 2024

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا گھپلا قرار۔۔سلیم صافی نے حکومت پر بجلیا ں گرادیں، وزیراعظم کی معاون خصوصی کاردِ عمل بھی آگیا

لاہور:کورونا وائرس نے اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور وبا کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کی سی صورتحال جاری ہے ۔لاک ڈاؤن کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے دیہاڑی دار طبقے اور غریب خاندانوں کی مدد کیلئے تحریک انصاف کی حکومت نے احساس پروگرام کے تحت 12 ہزا ر روپے تک امداد دینے کا اعلان کیا جس کی ادائیگی بھی شروع کر دی گئی ہے تاہم اب سینئر صحافی سلیم صافی نے اس حوالے سے بہت بڑا دعویٰ کر دیاہے ۔سلیم صافی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے دو سکرین شاٹس شیئر کیے اور لکھا کہ

”احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا گھپلا بنتا جارہا ہے۔ تحریک انصاف کی بے انصافی ملاحظہ کیجئے کہ وزیراعلی کے سوات ضلع میں99 ہزار مستحقین دکھاکر 82 ہزار پانچ سو کو ادائیگی کی گئی ہے لیکن جنوبی وزیرستان ضلع میں صرف اٹھارہ افراد مستحق قرار پائے جن میں صرف 3 کو ادائیگی کی گئی۔“سلیم صافی کی جانب سے جاری کیے گئے دستاویزات کے مطابق جنوبی وزیر ستان میں مجموعی طور پر 18 متاثرین کی نشاندہی کی گئی جن میں دو مکین ، پانچ تیارزا میں ، ایک بیر مل میں ، سروکئی میں 6 اور وانا کے چار متاثرین شامل ہیں تاہم ان میں سے صرف تین کو ادائیگی کی گئی ہے ۔سلیم صافی کے پیغام پر وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر میدان میں آئیں اور انہوں نے جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ ”یہ سکرینیں احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کی ہیں جو کہ شفافیت کے پیش نظر شائع کیا گیا ہے۔ 8171 سکیم میں Category-1 اور Category-2کی امداد 2010 کے سروے کی بنیاد پر دی جا رہی ہے۔2010 میں شمالی اور جنوبی وزیرستان میں امن عامہ نہ ہونے کی وجہ سے سروے نہیں ہوا تھا۔“انہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ”احساس ایمرجنسی کیش کی3 Category میں وزیرستان کا حصہ آبادی کے لحاظ سے ہے۔ 8171 سکیم کے تحت شمالی وزیرستان سے 61,164 اور جنوبی وزیرستان سے62,499 ایس ایم ایس موصول ہوئے ہیں۔

جانچ پڑتال جاری ہے۔ان کا کہناتھا کہ برائے3 Categoryتمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشیر کا حصہ آبادی کے لحاظ سے رکھا گیا ہے اور مستحقین کی نشاندہی NADRA کے Data Analytics کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ Category-3 میں رقم کی ترسیل اگلے ہفتے شروع ہوگی۔احساس ایمرجنسی کیش میں سیاسی مداخلت اور اقربا پروری کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ سماجی تحفظ کے اس پروگرام میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے

FOLLOW US