ویلنگٹن (ویب ڈیسک) سابق کیوی کپتان برینڈن میک کلم نے ممکنہ بھارتی سازش کا پردہ چاک کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ سال تک موخر کیا جا سکتا ہے جبکہ اکتوبر اور نومبر میں آئی پی ایل کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برینڈن میک کلم کا کہنا تھا کہ اگر انہیں شرط لگانے کا کہا جائے تو انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے سے دوچار دکھائی دے رہا ہے کیونکہ موجودہ حالات میں 16 ٹیموں اور ان کے سپورٹ اسٹاف کے علاوہ براڈ کاسٹرز کو مختلف مقامات پر لے جانا اتنا آسان نہیں ہوگا
جبکہ انہیں اس بات کا بھی یقین نہیں کہ میگا ایونٹ بند دروازوں میں کھیلا جا سکتا ہے۔ آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتا نائٹ رائیڈرز کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے دو ہزار اکیس میں کوئی ونڈو تلاش کی جا سکتی ہے جس کی بدولت آئی پی ایل کے رواں برس انعقاد کا دروازہ کھل جائے گا۔ سابق کیوی وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کا بند دروازوں میں انعقاد بھی خارج از امکان نہیں کیونکہ کرکٹ کے دیوانے ملک بھارت میں ٹی وی پر میچز دیکھنے والوں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور عالمی کرکٹ کو میچوں کے انعقاد کیلئے شائقین کی ضرورت ہے لیکن بھارت کیلئے تجارتی اعتبار سے کوئی مشکل نہیں جہاں کرکٹ کو ٹی وی پر دیکھنے والے کافی ہیں لہٰذا آئی پی ایل کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ برس منتقل ہو سکتا ہے۔