دبئی میں 24 گھنٹے کا کرفیو ختم، عائد کردہ پابندیوں میں نرمی کر دی گئی، فیصلے کا اطلاق کل بروز جمعہ 24 اپریل سے ہوگا، لوگوں کو صبح 6 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں گزشتہ 3 ہفتوں سے نافذ کیا گیا 24 گھنٹے کا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔ اعلان کیا گیا ہے کہ عائد کردہ پابندیاں اب صرف رات کے اوقات میں جاری رہیں گی۔ دبئی میں رات 10 بجے سے لے کر صبح 6 بجے تک سخت پابندیاں عائد رہیں گی، لوگوں کو میڈیکل ایمرجنسی کے علاوہ باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم لوگوں کو دن کے اوقات میں باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔ یکم رمضان المبارک سے لوگوں کو صبح 6 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان نقل و حرکت کی اجازت ہوگی، لیکن احتیاطی تدابیر پر بھی سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
لوگ اب بنا اجازت نامے کے باہر نکل سکیں گے۔ لوگوں کو رشتے داروں کو گھر جانے اور پارکس میں ورزش کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ ایک گھر میں 5 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد ہوگی، جبکہ پارکس میں 1 سے 2 گھنٹے کیلئے ورزش کی اجازت دی جائے گی۔ زیادہ سے زیادہ 3 لوگوں کو اکٹھے ورزش کرنے کی اجازت ہوگی، لیکن ان پر بھی فیس ماسک پہننا لازم ہے۔ 27 فروری سے میٹرو بس سروس کا آغاز بھی کر دیا جائے گا اور ٹیکسی سروس بھی چلے گی۔ میٹرو میں محدود لوگوں کو ماسک پہننے پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ ٹیکسی میں 2 سے زائد افراد سفر نہیں کر سکتے۔ میٹرو سروس صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک جاری رہے گی۔ شاپنگ مالز بھی کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ مالز دن 12 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے ہوں گے، لیکن عبادات کی جگہیں، چینجنگ رومز، سینما ہالز اور دیگر تفریحی مقامات اب بھی بند رہیں گے۔
3 سے 12 سال تک کے بچوں اور 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو مالز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ دفاتر میں 30 فیصد لوگوں کو کام کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ دن میں 6 گھنٹے کیلئے دفاتر کھولے جا سکتے ہیں۔ حاملہ عورتوں اور بزرگ ملازمین کے دفاتر جانے پر پابندی ہوگی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ دبئی میں جاری ڈس انفیکشن مہم کے اوقات کار میں بھی کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رمضان المبارک کی آمد کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈس انفیکشن مہم پورے دن میں چند گھنٹے کیلئے چلائی جائے گی۔ دبئی میں ماہ مقدس کے دوران ڈس انفیکشن مہم رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک چلے گی۔