اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) نے قومی اسمبلی کے ویڈیو لنک کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا، لیگی رہنماؤں نے کہا پارلیمنٹ کو معطل کرنا آئین کے ساتھ مذاق ہے، کسی سازش کا حصہ نہیں بن سکتے، عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ محمد آصف نے لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی خواہش ہوگی کہ ورچوئل اجلاس بلایا جائے، منتخب نمائندوں کی کارکردگی جاننا عوام کا حق ہے، اس بحران کی آڑ میں ہم حکومت کو عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے،
ہم بحیثیت اپوزیشن حکومتی اقدامات پر سوال کرنے کا حق رکھتے ہیں، بتایا جائے حکومت کے اقدامات سیاسی ہیں یا قومی؟ پارلیمنٹ کو معطل کرنا آئین کو بگاڑنے کے مترادف ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس بلانے کیلئے ہر حربہ اپنائیں گے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آئندہ 2 ماہ میں بجٹ آنے والا ہے،اگر آج قومی اسمبلی کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے بلایا جاتا ہےتو کل بجٹ بھی اسی طرح ویڈیو لنک کے ذریعے بلا کر پاس کروا لیا جائے گا ،یہ ایک سازش ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے