Monday November 25, 2024

چھاپے کے دوران ذخیرہ اندوزی کا پکڑا گیا مال سرکار کی ملکیت ہوگا، پنجاب حکومت کا اعلان

لاہور: پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ چھاپے کے دوران ذخیرہ اندوزی کا پکڑا گیا مال سرکار کی ملکیت ہوگا۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو 3 سال قید کی سزا ہوگی، ڈپٹی کمشنرز کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا مکمل اختیار ہوگا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے صوبائی وزیر صنعت کوناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نا جائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں ،ناجائز منافع کے نام پر عوام کو لوٹنے والوں کی جگہ جیل ہے،سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، شیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے،ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیاں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات کریں، اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنائی جائے، پرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔

صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے ،رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رکھنے کیلئے منصوبہ بندی کر لی ہے ، پنجاب میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی،جس میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اور رمضان پیکیج کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے طریقہ کار پر بات چیت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان پیکیج کے تحت رمضان المبارک میں مستحقین کو براہ راست مالی امداد دی جائیگی، کورونا کی وباء کے پیش نظر رمضان بازار نہیں لگیں گے ، موجودہ غیر معمولی صورتحال میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی،مجھے اپنے عوام کا مفاد سب سے پہلے عزیز ہے ، کسی کو شہریوں کی جیب پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔

FOLLOW US