Monday January 20, 2025

متحدہ عرب امارات سے اچھی خبر۔۔۔کلوروکوئن اور پلازمہ تھراپی سے کورونا کے مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں ہائیڈروکسی کلوروکوئن اور پلازما تھراپی سے کورونا مریض تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں، ہائیڈروکسی کلوروکوئن اور پلازما تھراپی سے 170نئے مریض صحت یاب ہوگئے ہیں،جس سے یواے ای میں صحت یاب مریضوں کی کل تعداد 588 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت متحدہ عرب امارات کی سرکاری ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں کورڈ 19سے نمٹنے کیلئے مختلف ادویات اور طریقے آزمائے جا رہے ہیں، لیکن ہائیڈروکسی کلوروکوئن اور پلازماتھراپی کے علاج سے کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔

ان ادویات سے مزید 170 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ جس سے یواے ای میں صحت یاب مریضوں کی کل تعداد 588 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر ماہرین کی جانب سے کورونا مریضوں پر مزید وائرل بیماریوں کی ادویات کے تجربات بھی جاری ہیں۔ کورونا کے صحت یاب مریضوں کی جانب سے خون کے عطیات بھی دیے گئے ہیں۔ ان عطیات سے انتہائی تشویشناک مریضوں کا پلازمہ تھراپی کے ذریعے علاج کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے کہا کہ ملک میں گزشتہ24 گھنٹے میں مزید 376 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔جس سے متحدہ عرب امارات میں کل کیسز کی تعداد 3736 ہوگئی ہے۔ نئے رپورٹ ہونے والے کیسز میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے مزید4 اموات ہوگئی ہیں، جس سے کل اموات کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یواے ای نے 20 ہزار مزید کورونا ٹیسٹ کیے ہیں، جس سے کورونا وائرس کے کل ٹیسٹوں کی تعداد 6 لاکھ 48 ہزار 195 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں کورونا کیسز بڑھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت بڑھا دی گئی ہے۔

FOLLOW US